لاہور: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیوروکریسی اور اپوزیشن سے متعلق پہلا بڑا مثبت پہلو سامنے آیا، سول سروس میں پہلی بار میاں بیوی کو ایک ہی روز گریڈ 22 میں ترقی دیدی گئی، یہ دونوں عام بیوروکریٹ نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی بیٹی ناہید درانی اور ان کے داماد اقبال حسین درانی ہیں۔
عین اس وقت وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جب قائم علی شاہ نیب راولپنڈی میں پیشی بھگت رہے تھے۔ ناہید درانی کو گریڈ 22 میں ہونے کے باوجود ان کی مرضی کے مطابق سندھ میں ہی تعینات کرنے کی سفارش کو منظور بھی کر لیا گیا جبکہ سید قائم علی شاہ کے داماد اقبال حسین درانی کو وفاقی سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن تعینات کر دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کے علم میں بھی مختلف ذرائع سے یہ بات لائی گئی تھی لیکن عمران خان کی جانب سے واضح احکامات دیئے گئے تھے کہ جو میرٹ پر آتا ہے اس کو پروموٹ کیا جائے ،چاہے اسکا تعلق کسی بھی خاندان سے ہو اور جو افسر کرپٹ ہو گا یا ریاست اور اداروں کیخلاف چلے گا اس کو فوری طورپر ہٹا دیا جائے گا۔