سیڑھیاں منگوالی ہیں، حمزہ شہباز کو گرفتار کر کے ہی جائیں گے: نیب آفسر

Last Updated On 06 April,2019 02:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب آفسر نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز گھر میں نہ چھپیں، باہر آکر گرفتاری دیں، سیڑھیاں منگوالی ہیں، گرفتار کر کے جائیں گے، چادر اور چار دیواری کا تحفظ کریں گے۔

 نیب آفسر چوہدری اصغر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حمزہ بھائی سے گزارش ہے خود ہی باہر آجائیں، ہمارے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں، ان کو گرفتار کر کے ہی جائیں گے، نامور سیاستدان گرفتاری سے بچنے کیلئے بھاگ رہے ہیں، اندر جانے دیا جا رہا ہے نہ رابطہ کیا جا رہا ہے، حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے قانونی تقاضے پورے کر کے آئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے نیب آزاد ادارہ ہے وہ کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں، نیب نے تحریک انصاف کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا، حکومت کے پاس نیب کو روکنے کا اختیار نہیں۔

شہباز گل نے کہا حکومت کی ذمہ داری امن و امان قائم رکھنا ہے، کسی کو قانون کو توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر نیب کے پیچھے حکومت ہوتی تو یہ کل ہی گرفتار ہو جاتے، ہم پر یہ اعتراض ہے کہ ہم نے ان لوگوں پر صحیح ہاتھ نہیں ڈالا۔