تھر پراجیکٹ کا افتتاح: سندھ حکومت کا مقامی افراد کو مفت بجلی دینے کا اعلان

Last Updated On 10 April,2019 06:49 pm

تھر کول: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے تھرکول پاور پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ سندھ حکومت نے مقامی افراد کو مفت بجلی دینے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا اسلام کوٹ کے عوام کو بجلی مفت ملے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئلے کی بجلی پر پہلا حق مقامی لوگوں کا تھا، مقامی لوگوں کو بجلی نہ ملنا ان کے ساتھ زیادتی ہے، تھر کی بجلی سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا آج تھر کی زمین سے کالا سونا نکل رہا ہے، اس کو کہتے ہیں بہتر حکمرانی، اس کو کہتے ہیں میگا پروجیکٹ، یہ کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، یہ نیا تھر اور نیا پاکستان ہے، باقی سب باتیں، ہم کام کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا بینظیر کا خواب تھا کہ تھر کے کوئلے سے پاکستان کو روشن کر دیں، حکومت نجی شعبے کیساتھ ملکر اچھا کام کر سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے جو تھر میں کر کے دیکھایا ہے اس کو کہتے ہیں گڈ گورننس، آج کا دن پاکستان کی تاریخ کیلئے اہمیت رکھتا ہے، آج ہی کے دن ذوالفقار بھٹو نے 73 کا آئین دیا۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی نے تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کے کیمپس کا اعلان بھی کیا اور کہا ایک نہیں 2 یونیورسٹیز ہونی چاہئیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے نام لئے بغیر وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کی طرز حکمرانی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا حکومت نے صرف دعوے کئے ایک میگاواٹ بجلی نہیں بنائی، ہم باتوں کے نہیں کام کے قائل ہیں۔

 

Advertisement