مولانا فضل الرحمان کی آج رات 9 بجے آصف زرداری سے ملاقات طے

Last Updated On 10 April,2019 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات کا وقت طے پا گیا، دونوں رہنما آج رات 9 بجے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات زرداری ہاؤس میں ہوگی، ملاقات میں حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق مشاورت ہوگی، فضل الرحمان اپنی نواز شریف سے ملاقات کی تفصیلات سے آصف زرداری کو آگاہ کریںگے۔ فوجی عدالتوں کے قیام اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر بھی غور ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف سے ملاقات

یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن جاتی امراء پہنچے، ملاقات میں مولانافضل الرحمن نے نواز شریف کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو اپنے علاج کے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب کیسز سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حکومت مخالف تحریک کے ابتدائی خدوخال پر بھی بات چیت کی گئی۔