ایمنسٹی سکیم پر مزید مشاورت کیلئے ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

Last Updated On 16 April,2019 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کےاجلاس میں ایمنسٹی سکیم پر فیصلہ نہ ہوسکا۔ وزرا نے سکیم کو تحریک انصاف کے ماضی کے موقف سے یوٹرن کے مترادف قرار دیدیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ایمنسٹی سکیم پر مزید مشاورت کیلئے وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ کابینہ اراکین کے اعتراضات دور کرنے وزیراعظم عمران خان نے 17 اپریل کو خصوصی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے سوال اٹھایا کہ یہ ایمنسٹی سکیم ماضی کی سکیموں سے کیسے مختلف ہے؟ ماضی کی ایمنسٹی سکیموں کی مخالفت کرتے رہے اب حمایت کیسے کریں؟ بظاہر یہ ایمنسٹی سکیم بھی امیروں کو نوازنے کا ذریعہ لگتی ہے۔ عوام کو کیسے قائل کریں کہ اس سکیم کے دور رس اثرات ہوں گے، اس پر سیر حاصل بحث کرائی جائے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے ایف بی آر نے کم درمیانے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس عائد کرنے کی تین تجاویز پیش کیں۔ کابینہ نے وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جو چند دنوں میں ایمنسٹی سکیم کے لئے ٹیکس کی شرح کا تعین کرے گی۔ ذیلی کمیٹی کی تجاویز پھر کابینہ میں جائیں گی جن کی بنیاد پر ایمنسٹی سکیم کا حتمی مسودہ تیار ہوگا۔
 

Advertisement