جعلی اکاؤنٹس کیس: فرال تالپور نیب کے دفتر میں پیش، ابتدائی بیان قلمبند

Last Updated On 17 April,2019 03:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری کی ہمشیرہ فرالز تالپور نے نیب دفتر پیش ہوکر جعلی اکاؤنٹس کیس میں ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا، نیب نے جوائنٹ وینچر کیس میں سوالنامہ فرال تالپور کے حوالے کر دیا۔

 نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے آصف زرداری کی ہمشیرہ سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ فرالح تالپور کو دیئے گئے سوالنامے میں اثاثوں کی تفصیلات طلب، سندھ حکومت اور نجی کمپنیوں کے جوائنٹ وینچرز میں کردار ادا کرنے پر سوال پوچھے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فرالٹ تالپور کو 2 ہفتوں میں سوالنامے کا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ سمیت دیگر بھی نیب میں پیش ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوائنٹ وینچر کیس میں فریال تالپور کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 29 اپریل تک نیب کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔

وکیل فاروق نائیک نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے ان کی مؤکل کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی نئی انکوائری میں طلب کر رکھا ہے، پیشی کے دوران گرفتاری کا خدشہ ہے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔