قبائلی عوام کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے: وزیر اعظم عمران خان

Last Updated On 19 April,2019 04:06 pm

اورکزئی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے قبائلی عوام کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے، حکومت مسائل کے حل کے لئے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اورکزئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس علاقے میں 27 سال پہلے آیا تھا، قبائل پر کتاب لکھنے کے دوران یہاں آیا تھا، کہا تھا امریکا کے کہنے پر فوج قبائلی علاقوں میں نہ بھیجیں، اس وقت کے حکمران کو قبائلی روایات کا علم ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ کے باعث قبائلی علاقوں کی املاک کو نقصان پہنچا، میں نے یہ اس لیے کہا کہ قبائلی لوگ ہی ہماری فوج تھی، یقین دلانے آیا ہوں کہ آپ کی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا جب جنگ ہوتی ہے تو بے قصور لوگ مارے جاتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ کے باعث قبائلی علاقوں کی املاک کو نقصان پہنچا، کسی وزیراعظم کو قبائلی علاقے کی اتنی سمجھ نہیں جتنی مجھے ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ محمود خان سے کہا کہ سیاحت کے مواقع پیدا کریں، سیاحت سے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، پاکستان میں وہ خوبصورتی ہے جو ترکی اور ملائیشیا میں نہیں، ملازمتیں پیدا کرنا میری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے، نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے۔  

Advertisement