وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دیں

Last Updated On 19 April,2019 08:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دیں، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر صحت عامر کیانی کی چھٹی ہو گئی، فواد چودھری، غلام سرور اور شہر یار آفریدی کی وزارت تبدیل کر دی گئی، حفیظ شیخ مشیر خزانہ ،اعجاز شاہ کو وزیر پارلیمانی امور کے بجائے وفاقی وزیر داخلہ اور اعظم سواتی کو وزیر پارلیمانی امور بنا دیا گیا جبکہ فردوس عاشق اعوان اطلاعات، ڈاکٹر ظفراللہ مرزا صحت اور ندیم بابر پٹرولیم کے معاون خصوصی ہوں گے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق فواد چودھری سے وزارت اطلاعات لے کر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور غلام سرور خان سے وزارت پٹرولیم لے کر وزارت ہوا بازی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ شہریار آفریدی اب وزیر مملکت برائے داخلہ نہیں بلکہ وزیر مملکت برائے ریاستی و سرحدی امور (سیفران) ہوں گے، محمد میاں سومرو سے ایوی ایشن ڈویژن کا اضافی چارج لے لیا گیا، اب وہ صرف نجکاری کے وزیر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کو ناقص کارکردگی اور وزیر صحت عامر کیانی کو ادویات مہنگی ہونے اور قیمتوں پر کنٹرول نہ رکھنے کی وجہ سے فارغ کیا گیا جبکہ فواد چودھری مختلف تنازعات کا شکار رہے، ان کی پارٹی رہنما نعیم الحق اور ایم ڈی پی ٹی وی راشد خان کے ساتھ چپقلش ہوتی رہی، غلام سرور کو مہنگی گیس اور شہر یار آفریدی کو غیر ذمہ دارانہ بیان پر تبدیل کیا گیا، شہریار آفریدی نے ایران کے سابق صدر ہاشمی رفسجانی سے متعلق بیان دیا تھا حالانکہ ان کا انتقال ہو چکا تھا۔
 

Advertisement