شیخ رشید کا اسد عمر کو کابینہ میں واپس لانے کیلئے منانے کاعزم

Last Updated On 20 April,2019 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے اسد عمر کو کابینہ میں واپس لانے کیلئے منانے کا عزم کر دیا۔ انہوں نے کہا اسد عمر کے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، سابق وزیر خزانہ خود مستعفی ہوئے، صرف ایک وزیر کو نکالا گیا، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سازش کے تحت پیسہ سڑکوں اور پلوں پر لگایا گیا، ملک سرحدوں پر نہیں، معیشت پر حملوں سے ٹوٹتے ہیں، روس کے ٹوٹنے کی بنیادی وجہ معیشت کی تباہی تھی۔ انہوں نے کہا کابینہ سے صرف ایک وزیر کو نکالا گیا، اسد عمر نے استعفیٰ دیا، اسد عمر نے بہت محنت کی مگر کپتان کا فیصلہ بہرحال درست ہے، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا صرف ایک وزیر کو نکالا گیا ہے جس پر طوفان کھڑا کر دیا گیا، کپتان نے فیصلہ کرنا ہے کس کو کہاں کھڑا کرنا ہے، زرداری اور شریف برادران کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، جس پر نیب کیسز ہوں گے عمران خان اس کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان ریلوے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، وزیراعظم کی موجودگی میں جلد ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے، ریلوے کے نئے منصوبوں سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، ایم ایل ون میں ٹرین کی سپیڈ کم سے کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، ایم ایل ون کے بعد کراچی اور لاہور کے درمیان 8 گھنٹے کا سفر ہو جائے گا۔