دو بڑوں کی جنگ میں اسد عمر کی چھٹی ہوگئی: خورشید شاہ کا دعویٰ

Last Updated On 19 April,2019 11:55 am

سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے دو بڑوں کی جنگ میں اسد عمر کو ہٹایا گیا، حکومتی پالیسیوں سے معاشی حالات خراب ہوئے، اس وقت ایک خاکروب کی نوکری بھی دستیاب نہیں، حکومتی ناکامی پر سیاست نہیں کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسد عمر کو ملکی اکانومی کا کوئی تجربہ نہیں تھا، اس کے باوجود انہوں نے عوام کو جنت کے خواب دکھائے، اقتدار میں آتے ہی اسد عمر نے رونا شروع کر دیا، ہم سیاستدان ہیں ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔

خورشید شاہ نے کہا ہم نے بار بار کہا مگر مذاق اڑایا گیا، ہم کہتے آ رہے تھے ان پالیسیوں سے معاشی حالات خراب ہوں گے، مجھ سے سوال کیا گیا کہ ایسے معاشی حالات میں حکومت کے ساتھ بیٹھیں گے، جواب یہی دیا کہ جو شخص جنگی حالات میں اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہ تھا وہ اب کیسے بات کرے گا۔ انہوں نے کہا شہریار آفریدی کو اعجاز شاہ کے کہنے پر ہٹایا گیا، شہریار آفریدی پی ٹی آئی کا کارکن ہے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے مزید کہا کہ جب حکمرانوں نے معاشی حالات خراب کر دیئے تو وہاں آئی ایم ایف بھی اپنی شرائط رکھے گا، ایک شخص جو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا نیب یا کوئی ادارہ سوال نامہ دینے کو تیار نہیں، ہم نے این ایف سی پر کام کیا، صوبوں کو اختیارات دیئے، 80 لاکھ خواتین کو امداد دی۔
 

Advertisement