پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات جسم اور جان کی مانند ہیں، نواف بن سعید المالکی

Last Updated On 30 April,2019 07:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات جسم اور جان کی مانند ہیں۔ سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے اور پاکستان بیت المال کے تعاون سے رمضان المبارک کی مناسبت سے غریب عوام میں غذائی پیکٹ کی تقسیم کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان سے گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ منصوبے کے تحت اٹھارہ ہزار دو سو بیس غذائی پیکٹ مستحق افراد میں تقسیم کئے جائیں گے۔

چیئرمین بیت المال اون عباس کا کہنا تھا کہ انتہائی شفاف طریقے سے تمام تر خاندان منتخب کیے گئے ہیں۔ غریب اور مستحق افراد کے چناؤ کے لیے مختلف صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کام کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی دباؤ کے بغیر مستحق افراد تک فوڈ پیکٹ پہنچائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد کو رمضان میں روزانہ افطاری مہیا کی جائے گی جبکہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سمیت ملک بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے افطار کا بندوبست کیا جائے گا۔

 

Advertisement