مریم نواز کو نائب صدر بنانا سپریم کورٹ فیصلے کی نفی ہے، قریشی

Last Updated On 05 May,2019 05:37 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ن لیگ کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کو پارٹی کا نائب صدر بنانا سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے۔

انہوں نے میاں شہباز شریف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت اپوزیشن لیڈر رہنے کی اجازت کیسی دے سکتی ہے؟ جبکہ پیپلز پارٹی پی اے سی چیئرمین کے فیصلے سے بھی مطمئن نہیں ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسد عمر پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور رہیں گے۔ انھیں وزارت کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے قبول نہیں کی، ہو سکتا ہے کہ وہ اب کابینہ میں شامل ہو جائیں۔

پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور اس پر اپوزیشن کی تنقید کا ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی ای سی سی نے سفارش کی۔ درآمدی تیل پر انحصار کرنیوالے ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں قیمتیں کم ہیں۔ پٹرول کی مصنوعات میں اضافہ نا کیا جاتا تو انٹریشنل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے سے خسارہ ہو سکتا تھا۔

آئی ایم ایف معاملے پر ہونے والی بے جا تنقید پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف کے پاس گئی ہے تو یہ 10 سال کی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ کیا پیپلز پارٹی آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئی تھی؟ آج حیرانی ہوئی کہ آئی ایم ایف کا طعنہ وہ دے رہے ہیں جو خود سب سے پہلے اس کے پاس گئے۔ مشیر خزانہ کی آئی ایم ایف وفد کیساتھ بات چیت جاری ہے۔ آئی ایم ایف کیساتھ ہونیوالے معاہدہ پر اعتماد میں لیا جائیگا۔

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی صحت پارٹی سنبھالنے کی اجازت نہیں دے رہی تو اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں کیسے ادا کر رہے ہیں؟ کیا شہباز شریف کی صحت ان کو اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں نبھانے کی اجازت دیتی ہے؟ کل قومی اسمبلی اجلاس میں اس پر بات ہوگی۔ شہباز شریف کی واپسی پر کچھ نہیں کہہ سکتا، نواز لیگ کی قیادت اس پر جواب دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ رانا تنویر کے بطور چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی پر ہم سے مشاورت نہیں ہوئی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے پنجاب میں بلدیاتی قانون کی وجہ سے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ چودھری پرویز الہیٰ کا وضاحتی بیان آ چکا ہے کہ بلدیاتی قانون میں اختلاف ہوتا تو ووٹ کیوں دیتے؟ مسلم لیگ ق نے نئے بلدیاتی بل میں ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کو اپنے عہدوں کی ردوبدل کا حق حاصل ہے۔ ہم نے مسلم لیگ ن کے عہدوں کی فہرست کا مطالعہ کیا۔ ن لیگ نے حال ہی میں اپنی جماعت میں عہدوں کی ردوبدل کی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنایا جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا، جس کے تحت کچھ رہنماؤں کو سیاسی عہدوں پر نہ لگانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔