عثمان بزدار سے شاہ محمود، اسد قیصر سمیت اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات

Last Updated On 02 May,2019 05:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار سے صوبے سے تعلق رکھنے والے مختلف اراکین قومی اسمبلی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق سمیت دیگر اراکین کی بڑی تعداد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

دنیا نیوز کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا ایک محنتی، قابل اور شریف النفس سیاسی رہنما ہیں۔ اراکین قومی اسمبلی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عثمان بزدار کا بطور وزیراعلیٰ انتخاب احسن اقدام ہے۔

ذرائع کے مطابق اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبے کی ترقی کیلئے کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا اور اسی ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں کے عوام کو در پیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے اوپر اعتماد کا اظہار کرنے پر اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین کو ان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اورترقیاتی منصوبوں میں ان کی رائے کو شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی عزت اور وقار کو بحال کرنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔