رضاکارانہ ٹیکس وصولی کا نظام لائیں گے: نامزد چیئرمین ایف بی آر

Last Updated On 07 May,2019 03:41 pm

اسلام آباد(دنیا نیوز) نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ حکام اور ٹیکس دہندگان میں اعتماد کا فقدان ختم کرنے کا عہد ہے، رضاکارانہ وصولی کا نظام لائیں گے، وزیراعظم نے مکمل تعاون کا یقین دلا دیا۔

 دنیا کامران خان کے ساتھ  پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا مجھے بڑی ذمہ داری دی گئی، لوگوں کو رضا کارانہ ٹیکس دینے پر آمادہ کرینگے، ہم نے پالیسی ٹھیک کرلی تو مسئلہ حل ہوجائے گا، ایف بی آر اور ٹیکس دہندگان کے درمیان اعتماد کا فقدان بڑامسئلہ ہے، ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کر دیا توٹیکس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

شبر زیدی کا کہنا تھا ایف بی آر کے ٹیکس کلکٹرز میں اعتماد بڑھانا پڑے گا، اگر یہ ہوگیا تو ہم بہتر ٹیکس ریٹنگ پر چلے جائیں گے اور یہی میرا کردار ہے، وزیراعظم سے میری بات ہوئی، انہوں نے کہا جو آپ درست سمجھتے ہیں وہ کریں، وزیراعظم نے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، وزیر خزانہ کی بھی اس معاملے میں مکمل حمایت ہوگی، مجھے ایف بی آر کے لوگوں کے ساتھ ایک دوست کی طرح کام کرنا پڑے گا، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی باس آ رہا ہے تو ایسا نہیں، کسی تنازع میں نہیں پڑنا ورنہ بڑا ٹاسک حاصل نہیں کر پائیں گے۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا شبر زیدی کا چیئرمین ایف بی آر بننا خوش آئند ہے، وہ پروفیشنل اکاؤنٹنٹ ہیں، ٹیکس کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور ٹیکس نیٹ بڑھائیں گے، جی ڈی پی کی شرح بڑھے گی۔ عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا شبر زیدی کو ایف بی آر کا چیئرمین بنانا اچھا فیصلہ ہے، ٹیکس کلکٹرز سے مشاور ت کرتے رہے ہیں، ٹیکس قوانین کی بہتری میں بھی ان کا اہم کردار رہا، ٹیکس وصولیوں کو آسان بنائیں گے، جن شعبوں میں ٹیکس نہیں دیئے جاتے، وہاں بھی اقدامات کریں گے۔

صدر ایف پی آئی سی داؤد اچکزئی نے کہا حکومت کا بڑا اور دلیرانہ قدم ہے، نجی شعبے سے ایف بی آر کا چیئرمین بنایا گیا جو خود ٹیکس کنسلٹنٹ بھی ہیں، امید ہے ایف بی آر کی اصلاحات پر کام ہوسکے گا۔ ٹاپ لائن سکیورٹیز کے سی ای اوسہیل محمود نے کہا شبر زیدی سے اچھا ٹیکس کا کوئی ماہر نہیں ہوسکتا، ان کے کام کو دیکھا ہے، یہ حکومت کا بہترین فیصلہ ہے، اس سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات بھی جلد طے ہو جائیں گے اور ٹیکس کے معاملات میں بہتری دیکھی جاسکے گی۔