بھیرہ: مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ننھی بیٹی جاں بحق

Last Updated On 12 May,2019 10:27 am

بھیرہ: (دنیا نیوز) بھیرہ کے محلے بلوچاں والے میں غریب محنت کش 30 سالہ اسد اللہ اپنی بیوی نائلہ اور3 سالہ بیٹی ثبین فاطمہ سمیت مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے آکر جاں بحق ہوگیا۔

غریب محنت کش اسد اللہ جس مکان میں رہائش پذیر تھا اسکی حالت انتہائی تشویش ناک تھی، پرانی لکڑی کی چھتیں بوسیدہ ہوچکی تھیں جو کسی وقت بھی گر سکتیں تھیں۔ اسد اللہ غریب محنت مزدوری کرنے والا شخص کم آمدنی ہونے کی وجہ سے بصد مشکل اپنی بیوی بچوں کا پیٹ ہی پالتا تھا، پرانے گرتے ہوے مکان پر لگانے کیلئے اس کے پاس کچھ نہ تھا، یہی وجہ اس غربت زدہ گھرانے کی موت کی وجہ بنی اور مکان کی پرانی چھت میاں بیوی اور بچی کے اوپر آگری جس پر اہل محلہ میں کہرام مچ گیا۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر جاں بحق افراد کو نکالا، تحصیل ہیڈکوارٹر ہونے کے باوجود مقامی انتظامیہ بے خبر رہی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 70 میل دور سے امدادی کارروائیوں کیلے بھیرہ پہنچیں تاہم اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ اسد اللہ کی بیوی نائلہ کو مردہ حالت میں ملبہ کے نیچے سے نکالا گیا جب کہ اسد اللہ اور اسکی بیٹی کو تحصیل ہیڑکوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کیا گیا تھا۔