آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنیکا حکم

Last Updated On 12 May,2019 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے گوادر میں نجی ہوٹل پر حملے کے بعد صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیدیا۔

دنیا نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی سے متعلقہ اہم ہدایات جاری کر دیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکلیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ڈیوٹیز کو چیک کریں۔ اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کی مینجمنٹ طے شدہ سکیورٹی ایس او پیز پر عمل کرے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام ہوٹلز میں پولیس کے   ہوٹل آئی سسٹم   کو فعال رکھا جائے۔ ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز میں شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو نہ ٹھہرنے دیا جائے۔ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تمام ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائیں۔ اس دوران کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔