لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کی سزا بھگتنا ہوگی: صمصام بخاری

Last Updated On 12 May,2019 03:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیراطلاعات صمصام بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن کا "ٹائی ٹینک" انجام کو پہنچنے جا رہا ہے، لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کی سزا بھگتنا ہوگی۔

وفود سے گفتگو میں پنجاب کے وزیراطلاعات سید صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن سے پاک معاشرہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو درست ٹریک پر ڈال رہے ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت پر کرپشن کے حوالے سے کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ غلط کام کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے، اپوزیشن شور شرابے سے توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سابقہ حکومتوں کی نا اہلی کا نتیجہ ہیں، کم سے کم وقت میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ اُن کا وزیر اعظم دیانتدار اور محنتی ہے، مشکلات کے بعد جلد آسانیاں شروع ہو جائیں گی۔