متحدہ اپوزیشن کا مشن، آج بلاول اورمریم کی افطار ڈنر پر ملاقات ہوگی

Last Updated On 19 May,2019 04:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا محاذ گرم کرنے کی تیاریاں، مریم نواز آج بلاول بھٹو کے افطار ڈنر میں سینئر رہنماؤں کے ہمراہ شرکت کریں گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان، اسفند یار ولی، سراج الحق سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی مدعو کیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی حکومت کے خلاف صف بندی کی تیاریاں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لیگی رہنما مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں آج افطار ڈنر میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقعے پر بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ملاقات طے پا گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے جس سے سیاسی منظر نامے پر ایک ہلچل مچ سکتی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے۔ مریم نواز کے ساتھ حمزہ شہباز سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد افطار ڈنر میں شرکت کرے گا۔

ادھر سابق صدر آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آج ہونے والی افطار کی دعوت کی جس میں مولانا نے شرکت کیلئے ہامی بھر لی۔

دوسری طرف بلاول بھٹو نے اسفند یار ولی، محمود خان اچکزئی، اختر مینگل، سراج الحق، آفتاب شیرپاؤ اور اویس شاہ نورانی کو بھی مدعو کر لیا ہے۔