فواد چودھری کا بڑا کارنامہ،اب عید چاند دیکھنے کا انتظار نہیں کرنا پڑیگا

Last Updated On 20 May,2019 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا بڑا کارنامہ، اب چاند دیکھنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، پہلا روزہ اور عید کب ہوگی؟ پانچ سال پہلے ہی پتا چل جائے گا۔

فواد چودھری کی ہدایت پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے سائنسی بنیادی قمری کیلنڈر تیار کر لیا ہے۔ قمری کیلنڈر پانچ سال کے لئے تیار کیا گیا ہے جس کا پانچ سال بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کی مفتیان کرام کو گردشِ چاند کا نظارہ کرنے کی دعوت

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ماہ رمضان میں ہی قمری کیلنڈر جاری کرنے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کونسل سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے جس میں انھیں کیلنڈر بارے آگاہ کیا گیا۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل سے منظوری کے بعد کیلنڈر وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر فواد چودھری نے کیلنڈر جاری کرنے سے پہلے علمائے کرام سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی جانب سے مشاورت کے لئے مفتی منیب الرحمان اور مفتی پوپلزئی کو بھی دعوت دی جائے گی۔