پی ٹی آئی نہیں، اپوزیشن والوں کو عدالت سزا دے رہی ہے: صمصام بخاری

Last Updated On 11 June,2019 04:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب سیّد صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ عدالتوں کے فیصلوں کا سب کواحترام کرنا چاہیے۔ اپوزیشن والے اپنی کرپشن کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کر رہی۔

اپوزیشن پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی والے اندر سے ایک ہیں، مسلم لیگ ن پر کیسز نئے نہیں ہیں، انہیں تحریک انصاف نہیں عدالت سزا دے رہی ہے۔ ہم کوئی انتقامی کارروائی نہیں کر رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت جوکہے گی نیب وہی کرے گی۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، نیب نے تحقیقات کے بعد اپنا ریفرنس بھیجا۔ نیب جسے بھی گرفتارکرے گی حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کی صوابدید ہے۔ احتجاج کرنا جمہوری حق ہے۔ اگر کوئی ایڈوانچرازم کرے گا توپولیس وہی کرے گی جو کرنا چاہیے۔

صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی کی گرفتاری خوش آئند ہیں۔ وہ پاکستانی شہر نہیں، نفرت انگیز تقریر کی وجہ سے انہیں لندن میں گرفتار کیا گیا۔