سندھ کے بجٹ کا مقدر بھی اسی وفاقی بجٹ سے جڑا ہے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 18 June,2019 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ‏اپوزیشن اراکین نے بجٹ سنا اور نہ ہی پڑھا، پھر کس بنیاد پر اس کو عوام دشمن قراردے رہے ہے، سندھ کے بجٹ کا مقدر اسی وفاقی بجٹ سے جڑا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے اب عوام کا مزید تیل کیوں نکالنا چاہتے ہیں ؟ سیاسی جماعتیں انتخابات میں شکست خوردہ مولانا کی خدمات لے رہی ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نومولود سیاستدان سیاسی بلوغت سے عاری ہیں، انہیں ادراک نہیں یہ بجٹ سندھ سمیت تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کا بھی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن ان کی عداوت میں سندھ کے عوام سے دشمنی نہ کرے، تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کے مقابلے میں تقریبا 200 ارب روپے سندھ کے لئے اضافی رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا گزشتہ مالی سال میں این ایف سی کے تحت 616 ارب روپے کے مقابلے میں رواں مالی سال میں سندھ کے لیے 815 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یہ حکومت کا وفاق پاکستان کی اکائیوں کو اہمیت دینے کا ثبوت ہے، وفاقی بجٹ میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی کو خاص ترجیح دی گئی ہے، بجٹ منظور نہ ہونے دینے کا اعلان کرنے والے وفاق اور صوبوں کی ترقی کے ساتھ سنجیدہ نہیں۔
 

Advertisement