گیدڑ بھبھکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، فردوس عاشق

Last Updated On 19 June,2019 11:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ چاروں اکائیوں کا ضامن ہے، اپوزیشن غنڈہ گردی سے نہیں، جمہوری طریقے سے ترامیم لائے، حکومت غور کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف پر پارلیمنٹ میں حقائق مسخ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ وہ آئین کی حکمرانی کے خواہشمند ہیں، اقتدار سے باہر اور چور دروازے سے ایوان میں آنے والے راستہ نہیں روک سکتے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام نے ماضی میں اقتدار میں رہنے والی دونوں جماعتوں کو مسترد کرکے عمران خان کو چنا ہے۔ شہباز شریف نے پارلیمنٹ کو ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنایا۔ اپوزیشن کے بے بنیاد اور منفی پروپگنڈے کی تردید کرتی ہوں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پروڈکشن فلموں اور ڈراموں میں ہوتی ہے۔ سیاسی اداکاروں کو پارلیمنٹ میں لانا سپیکر کا استحقاق ہے، اس کا جواب وہی دے سکتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بجٹ چاروں اکائیوں کا ضامن ہے۔ امید کرتی ہوں اپوزیشن عوام سے ناطہ نہیں توڑے گی۔ جس کا ملک کیساتھ رشتہ ہوگا وہ بجٹ کیساتھ کھڑا ہوگا۔ اپوزیشن غنڈہ گردی سے نہیں بلکہ جمہوری اور آئینی طریقے سے ترامیم لائے، اس پر غور کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ الہٰ دین کا چراغ رگڑنے سے سکوں کی بارش نہیں ہو سکتی، اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا اور قوم دیکھے گی کہ گیدڑ بھبھکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
 

Advertisement