اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز دنیا نیوز کو موصول ہو گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق پاک برطانیہ مفاہمتی یاداشت صرف اسحاق ڈار کی حوالگی کے لئے ہے، ایم او یو تحویل مجرمین کے معاہدے کی عدم موجودگی میں قانونی بنیاد فراہم کرے گا، اسحاق ڈار کو کیسز کی پیروی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حوالگی کے دوران اٹھنے والے اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی، ایم او یو میں مزید بتایا گیا کہ حوالگی، حراست یا گرفتاری کے بعد کوئی ملک دوسرے کیخلاف مالی مطالبہ نہیں کرسکتا۔
دستاویز کے مطابق ایم او یو پر برطانوی عہدیدار گرائم بگر اور پاکستان کی طرف سے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے دستخط موجود ہیں۔