اسد عمر خدا کیلئے جاگیں، روپے کی قدر کو مستحکم کریں: اسحاق ڈار

Last Updated On 03 April,2019 11:03 pm

لندن: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ملک میں 300 فیصد قیمتیں بڑھ چکی ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ سے خصوصی انٹرویو بات چیت میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کا برا حال کر دیا ہے۔ یہ پاکستان کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔ ملک کے لیے غیر یقینی کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کے دوران کہا تھا کہ کرنسی کی بے قدری نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر خزانہ اسد عمر خدا کے لیے جاگیں اور سب سے پہلے روپے کی قدر کو مستحکم کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کا برا حال کر دیا ہے۔ ملک میں 300 فیصد قیمتیں بڑھ چکی ہیں۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے حکومتی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت کو روکنے کی بات درست نہیں ہیں۔
 

Advertisement