اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس، مزید دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ

Last Updated On 23 January,2019 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں مزید دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے، تیسرے گواہ کو مزید ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ تین شریک ملزمان میں سے صرف منصور رضوی عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد اور نعیم محمود غیر حاضر رہے جس پر پراسیکیوٹر نیب نے اعتراض کیا۔

وکیل صفائی نے بتایا کہ قانون کے مطابق سماعت کے موقع پر کم از کم ایک ملزم کا حاضر ہونا ضروری ہے۔ یہ عدالت کا استحقاق ہے۔ آئندہ سماعت پر دوسرے ملزم بھی پیش ہو جائیں گے۔

دوران سماعت استغاثہ کے دو گواہوں پر جرح مکمل کر لی گئی، تیسرے گواہ اعجاز احمد نے کچھ ریکارڈ پیش کیا۔ عدالت نے گواہ کو مزید ریکارڈ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت تیس جنوری تک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement