اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کی ضبطگی، نیب کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت

Last Updated On 28 November,2018 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رہائش گاہ کی ضبطگی کے خلاف اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر نیب کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر تینوں شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم گلبرگ رہائش گاہ کی ضبطگی کے خلاف تبسم اسحاق ڈار کی درخواست پر نیب نے ایک بار پھر جواب جمع نہ کرایا۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ نیب تبسم اسحاق ڈار کی درخواست پر جواب جمع کیوں نہیں کرا رہا؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جواب ابھی تیار نہیں ہوا، اس لیے مزید مہلت دی جائے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ آخری مہلت دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر جواب جمع کرایا جائے۔ دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اقبال حسن کا بیان قلمبند کیا گیا جس پر وکلا صفائی نے جرح بھی مکمل کر لی۔

عدالت نے کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہ نجی بینک کے آپریشن مینجر محمد آفتاب کو طلب کر لیا۔
 

Advertisement