اے پی سی لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے: عثمان بزدار

Last Updated On 26 June,2019 05:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اے پی سی ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا کرنے والے آج اے پی سی کا انعقاد کر رہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آج اے پی سی بھی ناکام رہے گی۔