منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Last Updated On 15 July,2019 12:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) میگا منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت نے آصف زرداری کا مزید 14 روز کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا. نیب ٹیم نے انھیں آج عدالت پیش کیا تھا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر سابق صدر کو 29 جولائی تک نیب کے حوالے کر دیا گیا۔

سابق صدر آصف زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر  آج سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی زیر حراست آصف علی زرداری کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو گیا تھا جس پر انھیں مزید ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت پیش کیا گیا۔ قبل ازیں کیس کی سماعت جج ارشد ملک کر رہے تھے تاہم ان کو ہٹائے جانے پر ڈیوٹی جج نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب نے مزید تحقیقات کیلئے عدالت سے  جسمانی ریمانڈ میں توسیع  کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

قبل ازیں احتساب عدالت نے سابق صدر کے دس، پھر گیارہ اور تیسری بار تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی تھی۔ واضح رہے کہ 10 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپورکی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، جس کے بعد نیب ٹیم نے آصف علی زرداری کو گرفتار کر لیا تھا۔
 

Advertisement