ہم سب کیخلاف نیب کے نئے کیسز کھولے جا رہے ہیں، احسن اقبال

Last Updated On 26 July,2019 08:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہی ہے، مگر چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔ اپوزیشن کے جلسوں میں رکاوٹیں ڈالنے پر نوٹس کے بیانات مگرمچھ کے آنسو ہیں۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو چاروں صوبوں میں یومِ سیاہ منانے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ عوام نے ثابت کر دیا کہ چوری شدہ مینڈیٹ سے یہ حکومت آئی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ کلیدی وزارتوں سے پی ٹی آئی کے لوگ ہٹا کر کہیں اور سے لوگ لائے گئے۔ بیرونی سرمایہ کاری میں 50 فیصد کمی جبکہ برآمدات میں 5 ارب کمی ہوئی۔ 10 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے اور 4 لاکھ سے زیادہ خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عوام کا وزیراعظم ہو تو اسے رات کو نیند نہ آئے، مگر عمران خان کے یہ ایشوز نہیں ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے بل اسمبلی کے سامنے لائے جائیں، اپوزیشن غیر مشروط حمایت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نواز شریف کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کی مذمت کی گئی، انھیں کچھ ہوا تو عمران خان اور عثمان بزدار ذمہ دار ہونگے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب کیخلاف نیب کے نئے کیسز کھولے جا رہے ہیں۔ مجھے بھی میسج آ رہے ہیں کہ عباسی کے بعد بھی آپ کو سمجھ نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہوا، یہ ایک فیشن شو تھا جس میں عمران خان نے ڈیزائنر والا سوٹ پہنا ہوا تھا۔
 

Advertisement