سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

Last Updated On 29 July,2019 02:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

دنیا نیوز کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے کیلر اور نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید اور چار افراد زخمی ہوئے تھے۔ 


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ایل اوسی کی خلاف ورزی پرکی گئی، بھارتی فوج نے ایل او سی میں کیلر اور نیزہ پیر سیکٹر کے مقام پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، بھارت کی اس کارروائی کے دوران ایک خاتون شہید اور چار زخمی ہوئے تھے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، عام شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی سیزفائرمعاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارت سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائے، بھارت فائربندی معاہدے پر روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔