مسئلہ کشمیر پر پوری قوم اور پارلیمنٹ یک زبان ہے، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 01 August,2019 02:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف اصولی ہے، اس اہم معاملے پر پوری پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ یک زبان ہے۔

پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی تھی، اجلاس میں مسئلہ کشمیرکے تاریخی پس منظر، موجودہ صوتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔

مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے بے تحاشہ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہاں حالات بگڑ رہے ہیں، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ وادی میں اتنی فوج کے باوجود بھارت مزید فوج تعینات کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا لیکن بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی تھی۔ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم اور پارلیمنٹ یک زبان ہے۔ اگر کشمیر میں سب ٹھیک ہے تو مزید فوج بھیجنے کی ضرورت کیا ہے؟

اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے امریکی صدر ٹرمپ کو کشمیر پر ثالثی کا کہا، اس کے بعد بھارت میں ہر ایک نے شور مچایا، مگر نریندر مودی نے تردید نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ثالثی کی بات کرنا آسان لیکن اس پر عمل مشکل ہے۔