کشمیر کی کشیدہ صورتحال، وزیرخارجہ کا او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Last Updated On 05 August,2019 09:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، کشمیر کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ان سے کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہندو یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل او آئی سی نے وزیر خارجہ کو نوٹس لینے اور اس سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل وزارت خارجہ میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور تشویشناک صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین
خلاف ورزیوں کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement