مسئلہ کشمیر:عمران خان کا ایرانی صدر کو فون،کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا

Last Updated On 11 August,2019 08:17 pm

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون کرکے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ وادی کی حیثیت اور کشمیر میں آبادی ڈھانچے کی تبدیلی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کیساتھ گفتگو میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بڑے انسانی سانحہ کا خطرہ ہے، کسی بڑے سانحہ کو روکنے کے لیے عالمی برادری فوری اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے کو خطرات سے دور رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق پرامن زندگی گزارنے کا حق دینا چاہیے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے موقف کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فوج کا استعمال اس مسئلے کا حل نہیں، بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے یو این قراردادوں کے مطابق مشاورت کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کی نسل کشی مقبوضہ وادی کا جغرافیہ تبدیل کرنیکی کوشش ہے