شہر شہر سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی، مستحق افراد میں گوشت تقسیم

Last Updated On 12 August,2019 03:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ) ملک بھر میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید اجتماعی اور انفرادی طور پر سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔ عزیز رشتہ داروں اور مستحق افراد میں گوشت کی تقسیم بھی جاری ہے.

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی جا ری ہے۔ کہیں اجتماعی تو کہیں انفرادی طور پر جانوروں کی قربانیاں دی جا رہی ہیں۔

جہاں جانور قربان ہو چکے وہاں گوشت بنانے کا کام جاری ہے اور جہاں نہیں ہوئی وہاں قصائی کی آمد کا شدت سے انتظار ہے۔ اس عید پر بھی بچوں کی خوشی دیدنی ہے، دلکش ملبوسات پہنے بچے عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔ خواتین بھی عید کی خوشیاں منانے میں کسی سے پیچھے نہیں، وہ بھی خوبصورت ڈریس پہنے رنگ برنگی چوڑیاں پہنے عید کی خوشیاں سمیٹ رہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مہماںوں کی تواضع کیلئے رنگ برنگے پکوان بنانے میں بھی مصروف ہیں۔