نریندر مودی آج وہ کام کر رہے ہیں جو ہٹلر نے کیا تھا: شاہ محمود

Last Updated On 12 August,2019 03:38 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں بے نقاب کیا، وزیراعظم بھی کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے نیویارک جا رہے ہیں، مودی آج وہ کام کر رہے ہیں جو ہٹلر نے کیا تھا، کشمیر کامسئلہ 3 دہائیوں سے کبھی ٹریڈ اور کبھی ایڈ کی نظر رہا۔

مظفر آباد کے مہاجر کیمپ میں اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے ستمبر میں نیویارک جا رہے ہیں، مودی آج وہ کام کر رہے ہیں جو ہٹلر نے کیا تھا۔ کشمیر کا تنازع 3 دہائیوں سے کبھی ٹریڈ اور کبھی ایڈ کی نذر رہا، بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا۔ لاکھوں کشمیری آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ یہ کشمیر کی آزادی کی لڑائی ہے، کشمیریوں نے بھارتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ دورہ چین کے دوران چینی وزیرخارجہ اور قیادت کے سامنے کشمیر کا مقدمہ پیش کیا، جموں و کشمیر اور لداخ کو علیحدہ کیا گیا اس پر چین کو بھی اعتراض ہے۔ چین کی رائے سے پالیسی بنانے میں مدد لیں گے جس کے بعد اقوام متحدہ کے دروازے پر دستک دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ میں کشمیر کا وکیل ہے۔