نیب ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے: چیئرمین

Last Updated On 19 August,2019 08:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتساب سب کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کرپٹ عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے آگاہی تدارک اور انفورسمنٹ پر مشتمل سہ جہتی پالیسی اختیار کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ قومی ادارہ ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 19 ماہ کے دوران نیب نے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کیں۔ 2018ء میں نیب نے 30 ارب جبکہ اپنے قیام سے اب تک 326 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب افسران بدعنوانی کیخلاف جنگ میں اپنا قومی فرض ادا کرتے ہوئے بھرپور محنت اور دیانتداری سے کام کر رہے ہیں۔ نیب نے مختلف احتساب عدالتوں میں 1249 بدعنوانی کے مقدمات دائر کئے۔ نیب کو شکایات کی تعداد میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔