ایل این جی کیس: مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اگست تک توسیع

Last Updated On 19 August,2019 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اگست تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کو ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی۔

مفتاح اسماعیل کے وکیل حیدر وحید اور شیخ عمران الحق کے وکیل سلمان اکرم راجا نے استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے پاس جسمانی ریمانڈ کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں، صرف اذیت دی جا رہی ہے۔

اس دوران مفتاح اسماعیل خود بھی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ وہ ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ نیب کا رویہ ان کے ساتھ اچھا ہے، انھیں آدھا گھنٹہ واک کی اجازت ملتی ہے۔

وکیل حیدر وحید کا کہنا تھا کہ تفتیش پہلے ہی ہو چکی ہے، اب تو نیب والوں کی مفتاح اسماعیل سے دوستی ہوچکی ہے۔ اگر دوستی کے لئے مزید ریمانڈ لینا ہے تو لے لیں مگر ریمانڈ بنتا نہیں ہے۔

عدالت نے نیب کو مفتاح اسماعیل کی میڈیکل سہولیات کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے 30 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔