ایل این جی کیس: شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Last Updated On 15 August,2019 07:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی استدعا کی۔ شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے کہا کہ نیب افسر جتنا چاہتے ہیں اتنا ریمانڈ دے دیں۔ ویسے دوران تفتیش جو سوال پوچھا جاتا ہے اس کا تو جواب دے دیتا ہوں مگر یہ تفتیش کے دوران مجھ سے متعلقہ دستاویز تک مانگ لیتے ہیں۔

جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ 14 روز کا ریمانڈ دے رہا ہوں، کوشش کریں کہ تفتیش مکمل ہوجائے۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 29 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں دوسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا گرفتاری کے بعد 13 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا تھا۔ جس میں 14 روز کی توسیع کی گئی تھی۔
 

Advertisement