حکومت کشمیر کی صورتحال سے پیشگی آگاہ تھی، مولانا فضل الرحمان کا الزام

Last Updated On 25 August,2019 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے کشمیر معاملے پر مجرمانہ غفلت سے کام لیا، پی ٹی آئی حکومت کشمیر کی صورتحال سے پیشگی آگاہ تھی۔

مولانا فضل الرحمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری جماعت اور پوری قوم کشمیریوں کے جدوجہد مین ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ حکومت کی مجرمانہ پالیسی کو بھی اپنی احتجاجی تحریک کا حصہ بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، وہاں اس وقت انسانی حقوق پوری طرح پامال ہو رہے ہیں، اس کے باوجود اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظمیں خاموش ہیں۔ یہ ایک سوالیہ نشان ہے، اس پر اقوام متحدہ کو پوزیشن واضع کرنی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مدارس کی تنظمیں حکومت کے ساتھ مذکرات کو معطل کریں کیونکہ موجودہ حکومت نااہل بھی ہے اور مدارس کے حوالے سے بدنینت بھی

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے غریب شخص سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ معاشی طور پاکستان دیوالیہ پن کے دہانے پر ہے۔ جب تک یہ حکومت ہے کشمیربک جائے گا۔ وزارت خارجہ اور سفارت خانے بڑی طاقتوں کے خوش آمدی مرکز بن چکے ہیں۔