ملکی سیاست اور معیشت پر کشمیر غالب آ گیا، تھنک ٹینک

Last Updated On 01 September,2019 11:37 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ بھارت کو پہلی بار دنیا میں دھچکا لگا ہے لیکن پاکستان میں کارکردگی کا فقدان ہے، اس وقت سارے کارڈز بھارت کے پاس ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان عائشہ ملک سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات نہیں کرے گا، بھارت کو ئی ایسا کام نہیں کرے گا جس سے پاکستان کو تھوڑی سی بھی پذیرائی ملے۔ سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور معیشت پر کشمیر غالب آگیا ہے اور یہ بات حکومت کے فائدے میں گئی ہے۔ ویراعظم اور وزرا اس وقت صرف کشمیر کی بات کر رہے ہیں۔

سلمان غنی کا کہنا تھا کہ یقیناً کشمیر ایک قومی ایشو ہے لیکن ہمارے معاشی اعداد و شمار خطرناک حد کو چھو رہے ہیں۔ اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔ بے روزگاری کا رحجان بڑھ رہا ہے، ہم ا یک بارود کے ڈھیر پر کھڑے ہیں۔ آنے والے وقت میں جوابدہ حکومت کو ہی ہونا پڑے گا۔ آج تحریک انصاف کے کارکن سب سے زیادہ مایوس ہیں۔

ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ مسئلہ دونوں طرف ہے، اس وقت اپوزیشن کو شدید مسائل درپیش ہیں، اپوزیشن رہنما نیب کیسز میں پھنسے ہوئے ہیں، ایک دفعہ جب ایک بندہ نیب کے ہتھے چڑھ جائے تو اس کا وہاں سے نکلنا آسان نہیں ہوتا۔

اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بہادر اور دیانتدار ہیں، شہباز شریف منظر سے بالکل غائب ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نیب کی حراست میں ہیں۔ خواجہ آصف اتنی بڑی پارٹی کو لیڈ نہیں کر سکتے، احسن اقبال کچھ جذباتی ہیں، دیکھیں آنے والے دنوں میں پارٹی کو کون لیڈ کرتا ہے، ہو سکتا ہے چودھری نثار آ جائیں۔