کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر دنیا کے ضمیر پر بوجھ بڑھا رہا ہے: اسد مجید

Last Updated On 04 September,2019 02:17 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے، کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر دنیا کے ضمیر پر بوجھ بڑھا رہا ہے، عالمی طاقتیں 2 ہمسایہ جوہری طاقتوں کے تنازعے کا جائزہ لیں۔

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے اپنے انٹرویو میں کہا کشمیر میں بھارتی کارروائیوں سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، بھارتی اقدامات سے مقبوضہ وادی میں صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے، بھارتی فوج نے ایک ماہ سے کشمیرمیں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، بھارت نے وادی میں شہریوں کی نقل و حرکت پابندی لگا رکھی ہے، مقبوضہ وادی میں ذرائع مواصلات مکمل طور پر بند ہیں۔

اسد مجید کا کہنا تھا بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال کارروائیاں بڑھ رہی ہیں، تنازعہ کشمیر نا صرف انسانیت بلکہ خطے کے امن و استحکام کا مسئلہ ہے، پاکستان نے بھارتی فضائی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو بھارت واپس بھیجا، مودی نے پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کے جواب میں سرد مہری دکھائی، مودی نے کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں کی مخالفت کی۔

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے مزید کہا مودی کشمیری عوام کی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے، کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر عالمی برادری کے ضمیر پر بوجھ بڑھا رہا ہے۔
 

Advertisement