کراچی: گھر کی چھت گر گئی، میاں بیوی جاں بحق، 2 بچیاں زخمی

Last Updated On 04 September,2019 11:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کھاردار مچھی میانی مارکیٹ کے قریب دو منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ دو بچیاں زخمی ہوگئیں، پولیس اور رضا کاروں نے امدادی آْپریشن مکمل کرلیا۔

کھاردار مچھی میانی مارکیٹ کے قریب دو منزلہ خستہ حال دیوی بائی بلڈنگ کی چھت گر گئی۔ واقعے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، زخمیوں کی چیخ و پکار سن کر علاقہ مکین پہنچے اور ملبے سے دو بچیوں کو باحفاظت باہر نکالا، اطلاع ملتے ہی رضا کارٹیمیں اور پولیس امدادی کاموں کیلئے موقع پر پہنچی۔

اہل محلہ کے مطابق عمارت میں متعدد خاندان آباد تھے۔ عمارت مخدوش ہونے کے باعث کچھ روز قبل ہی کرائے دار اسے خالی کر گئے تھے لیکن حادثے کا شکار خاندان غربت کے باعث اس عمارت میں رہائش پذیر تھا۔ متعدد باد رہائشیوں کو عمارت خالی کرنے کے لیے نوٹس بھی دیئے گئے تھے لیکن عملدرآمد نہ کیا گیا۔