شہدا ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر نوجوان سر فروش ہے: شیخ رشید

Last Updated On 06 September,2019 10:33 am

ملتان: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہدا ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر نوجوان سرفروش ہے، مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہونا چاہیے، مودی وہ دہشتگرد ہے جو دنیا میں اپنا کردار ہندتوا کے طور پر متعارف کرانا چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کا جذبہ زندہ ہے، بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہندوستان کی بربریت کے فیصلے کا وقت آ گیا ہے، مودی اس مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کاری کی سازش کر رہا ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز مودی پر کشمیر کی آزادی کے لئے دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے کہا پاکستان قیامت تک وجود میں رہنے کے لئے قائم ہوا ہے، مودی ٹرمپ کو کہتا ہے کہ دونوں ملک ایک تھے، بی جے پی کا ایک بھی ممبر پارلیمنٹ مسلمان نہیں ہے، مودی سن لے بھارت میں 22 پاکستان ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہندوستان پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کر دیں گے، ہم نے اسلحہ شب برات پر چلانے کے لئے نہیں رکھا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری کے لئے کچھ لوگ پلی بارگین کر رہے ہیں، نواز شریف پلی بارگین کے لئے براہ راست بات کریں، عمران خان کو کہا ہے کہ یہ کنجوس لوگ ہیں ان سے جو ملتا ہے لے لیں۔


وفاقی وزیر نے ریلوے کو اگلے 5 سالوں کے دوران خسارے سے نکالنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا 138 ٹرینوں کو 150 پر لے جائیں گے، بارشوں سے سگنل متاثر ہوتے ہیں اس لئے ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، اگلے 15 روز میں ٹرینوں کا شیڈول ٹھیک ہو جائے گا۔
 

Advertisement