وزیر خارجہ کا یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی سے رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

Last Updated On 06 September,2019 09:01 pm

شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام 5 اگست سے مسلسل بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی یکطرفہ، غیر آئینی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیو کے سبب نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہی۔ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بار دگر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔