کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: مجاہد انور

Last Updated On 07 September,2019 12:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یوم فضائیہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کی، ہمارے اسلاف کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اور حب الوطنی کے جذبوں کو فروغ دیں۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر ہیڈ کوارٹرز میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے ایک دستے نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
 

Advertisement