مسئلہ کشمیر پر پاکستان ہمارا واحد وکیل ہے: راجا فاروق حیدر

Last Updated On 11 September,2019 08:54 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مشاورت کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرینگے۔ پاکستان دنیا بھر میں ہمارا واحد وکیل ہے۔

آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل اے پی سی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سنیٹ میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر چودھری یٰسین نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے وقفہ کے دوران راجہ فاروق حیدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے دوبارہ مشاورت کر کے کنٹرول لائن سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ سیزفائرلائن عبور کرنے سے متعلق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے، مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔ بھارتی فوج ایل اوسی پربھی بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہی ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے تیار ہیں۔ آزادکشمیرکے باشندے اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کیلئے بیتاب ہیں، پاکستان دنیا بھر میں ہمارا واحد وکیل ہے۔