نئی مالیاتی پالیسی میں شرح سود برقرار رکھنے کا اعلان

Last Updated On 16 September,2019 06:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مالیاتی پالیسی کے دوران شرح سود کو مستحکم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے بنیادی شرح سود کو 13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، معاشی ترقی کی شرح رواں مالی سال 3.5 فیصد متوقع ہے۔ معاشی سست روی کے اثرات آٹو اور اسٹیل سیکٹر پر زیادہ گہرے دیکھے جا رہے ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوا ہے۔ رواں کھاتوں کے خسارے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شرح سود برقرار رکھنے کے باوجود مہنگائی کی رفتار بڑھنے کے خدشات ہیں۔

مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 12 فیصد تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے۔جبکہ زراعت اور سروس سیکٹر میں بہتری کی آس ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کا زور کم ہوا ہے ۔امپورٹ کم ہونے اور ایکسپورٹس اٹھنے سے جولائی 2019 میں جاری کھاتوں کا خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے 2 ارب 13 کروڑ ڈالر سے گرکر 58 کروڑ ڈالر تک محدود رہا ۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی فراہمی اور سعودی عرب سے ادھار پر تیل ملنے کی سہولت ملنے سے اسٹیٹ بینک کو زرمبادلہ ذخائر بڑھانے میں مدد بھی ملی ہے جو اب جون کے مقابلے 1 ارب ڈالر اضافے سے 8٫5 ارب ڈالر کے قریب پہنچ چکے ہیں

Advertisement