صلاح الدین کی قبر کشائی: ڈاکٹرز نے پوسٹمارٹم کیلئے نمونے حاصل کرلیے

Last Updated On 21 September,2019 12:17 pm

کامونکی: (دنیا نیوز) صلاح الدین قتل کیس میں اہم پیش رفت، جوڈیشل مجسٹریٹ رحیم یار خان کے حکم پر قبر کشائی کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے نمونے حاصل کرلیے۔

رحیم یار خان پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کی قبر کشائی اور دربارہ پوسٹ مارٹم کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ رحیم یار خان کے حکم پر کامونکی کے نواحی گاؤں گورالی میں صلاح الدین کی قبر کشائی کی گئی، ڈاکٹرز نے میت کا معائنہ کیا اور ضروری نمونے حاصل کرلیے۔

دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے بورڈ میں سرجن میڈیکولیگل پنجاب، ایم ایس میو ہسپتال، علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور، ڈاکٹر فرحت سلطانہ (سربراہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ) اور میو ہسپتال کے دیگر 3 سینئر ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ صلاح الدین کے والد نے رحیم یار خان پولیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عدالت سے دوبارہ پوسٹ مارٹم کی درخواست کی تھی۔