عدالت نے خورشید شاہ کے فرنٹ مین کا 14 روزہ ریمانڈ دیدیا، نیب کے حوالے

Last Updated On 30 September,2019 05:06 pm

سکھر: (دنیا نیوز) نیب نے خورشید شاہ اور اویس شاہ کے فرنٹ مین کو احتساب عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے ملزم کا 14 روزہ ریمانڈ دے دیا۔

نیب کی جانب سے گزشتہ روز روہڑی کے علاقے علی واہن سے گرفتار کیے گئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد کے فرنٹ مین زبردست خان مہر کو آج سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں پر نیب نے عدالت سے تفتیش کے لیے ملزم کا پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

تاہم عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دے کر نیب کو ملزم کو دوبارہ پندرہ اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔ واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز زبردست خان مہر کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے گھر اور بعد ازاں فیکٹری پر چھاپے کے دوران اہم دستاویزات بھی برآمد کر لی تھیں۔

زبردست خان مہر پر خورشید شاہ اور اویس شاہ کا مبینہ فرنٹ مین ہونے کے طور پر متعدد جائیدادیں بنانے کے الزامات ہیں، جن پر نیب نے ان کو گرفتار کیا تھا۔

 

Advertisement