اثاثہ جات کیس، خورشید شاہ کو پولی کلینک ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

Last Updated On 20 September,2019 02:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اثاثہ جات کیس میں گرفتار خورشید شاہ کو پولی کلینک ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز نے خورشید شاہ کو سکھر روانگی کے لیے فٹ قرار دے دیا۔

سابق اپوزیشن لیڈر و رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کو نیب پنڈی کے آفس منتقل کر دیا گیا۔ خورشید شاہ 21 ستمبر تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے ہیں۔ خورشید شاہ کو گزشتہ رات طبعیت خراب ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا۔

نیب کی ٹیم آج خورشید شاہ کو بذریعہ جہاز اسلام آباد سے سکھر منتقل کر دے گی، پی آئی اے کی پرواز پی کے 631 شام 7 بجے اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ رحمانی، مسرت مہیسر اور دیگر رہنما خورشید شاہ کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے لیکن انہیں ملنے نہیں دیا گیا۔

شاہدہ رحمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں موجود نیب اہلکار ملنے نہیں دے رہے، ہمیں ان کی طبعیت کے بارے میں بھی نہیں بتایا جا رہا ہے۔
 

Advertisement